ڈرٹی بم ،روسی الزامات مسترد،بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی نے یوکرینی ایٹمی تنصیبات کو کلیئر کر دیا

ویانا(پاک ترک نیوز)
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافیل گروسی نے کہاہے کہ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اےای اے) کو یوکرین میں تین تنصیبات کے معائنے کے دوران غیر اعلانیہ جوہری سرگرمیوں کے کوئی آثار نہیں ملے۔
گذشتہ روز بورڈ آف گورنرز کے سامنے اپنے بیان میںگروسی نے کہ کہ "ان سرگرمیوں اور یوکرین کی فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر، ایجنسی کو غیر اعلانیہ جوہری سرگرمیوں یا ایسے مواد کے کوئی اشارے نہیں ملے جن کا مقصد ان مقامات پر ریڈیولاجیکل ڈسپرسل ڈیوائسز کی تیاری ہو ۔انہوں نے مزید کہا کہ ایجنسی نے سائٹس سے ماحولیاتی نمونے اکٹھے کیے تھے اور اس وقت ان کی جانچ کر رہی ہے۔ آئی اے ای اے کے سربراہ کے مطابق، محفوظ جوہری مواد اور تنصیبات کو "جوہری مواد کی غیر اعلانیہ پیداوار یا پروسیسنگ کے لیے استعمال نہیں کیا جا رہا ہے”۔
روس کی جانب سے اکتوبر میں یوکرین پر الزام لگایا گیا تھا کہ وہ متعلقہ تنصیبات میں کسی قسم کا ایٹمی ہتھیار بنانے کی کاروائیوں میں مصروف ہے۔ جس کے بعد روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے بھی یہ معاملہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل میں اٹھایا تھا کیف درپردہ روس کے زیر قبضہ علاقوں میں "ڈرٹی بم ” استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔ حالانکہ امریکہ اور اتحادیوں کی جانب سے خود روس کو اسی قسم کے الزام کا سامنا تھا۔
چنانچہ روس کی طرف سےجاری کردہ معلومات کے سلسلے میں، کیف نے آئی اے ای اے کو ایک درخواست بھیجی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ وہ ان سہولیات پر ماہرین بھیجے۔ ایجنسی نے یوکرین کے تین مقامات کا معائنہ کیا اور غیر اعلانیہ جوہری سرگرمیوں کے کوئی آثار نہیں ملے۔ آئی اے ای اے نے کہا کہ وہ یوکرائنی تنصیبات کا مزید معائنہ کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

#iaea#PakTurkNews#ukraine#viana#warrussia