ڈھاکہ ٹیسٹ: پاکستان نے بنگلہ دیش کیخلاف کلین سوئپ مکمل کرلیا

ڈھاکہ (پاک ترک نیوز) بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستا ن نے بنگلہ دیش کو اننگز اور 8رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
تفصیلات کےمطابق شیر بنگلہ سٹیڈیم ڈھاکہ میں جاری دوسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو ایک اننگز اور 8 رنز سے شکست دے کر کلین سوئپ مکمل کرلیا۔
میزبان بنگلہ دیش نے فالو آن ہونے کے بعد دوسری اننگز میں 205رنز بنائے ۔ میزبان ٹیم کی جانب سے شکیب الحسن نے 63جبکہ مشفق الرحیم نے 48رنز کی اننگز کھیلی۔ پاکستان کی جانب سے ساجد خان نے چار کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

دوسری اننگز میں کپتان بابراعظم نے بھی کیریئر کی پہلی ٹیسٹ وکٹ حاصل کر لی۔ انہوں نے مہدی حسن کو آؤٹ کیا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز بنگلہ دیش نے 7 وکٹ کے نقصان پر 76 رنز سے میچ کا آغاز کیا تو اس کے باقی تین کھلاڑی بھی مزید 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 87 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور فالو آن کا شکار ہوگئی۔
بنگال ٹائیگرز دوسری اننگز میں بھی ابتدا سے ہی ناکامی کا شکار ہوگئے اور صرف 25 رنز پر اس کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے تھے۔ تاہم پھر مڈل آرڈر نے ٹیم کو سنبھالا تاہم پاکستانی باؤلرز نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 205 رنز پر آؤٹ کردیا۔
پہلی اننگ میں پاکستانی باؤلر ساجد خان نے بنگلہ دیشی ٹیم کے پرخچے اڑا دیے اور صرف 42 رنز دے کر 8 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دوسری اننگز میں انہوں نے مزید 4 وکٹیں حاصل کیں۔ اس طرح انہوں نے مجموعی طور پر 12 وکٹیں حاصل کیں۔

 

#dhaka#match#PakTurkNews#sajidkhan#testmatchBangladeshPakistan