کابل (پاک ترک نیوز ) کابل میں فوجی ہسپتال کے باہر دو زوردار دھماکے ہوئےہیں ۔طالبان کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ 400 بستروں کے سردار داؤد ہسپتال کے باہر یکے بعد دیگرے 2 دھماکے ہوئے ہیں ۔ ایک دھماکا ہسپتال کے سامنے اور دوسرا بھی قریب ہی ہوا ہے ۔
ایک عینی شاہد کے مطابق دھماکوں کے بعد نام نہاد ملت اسلامیہ کے کئی حملہ آور ہسپتال کے اندر گھس گئے اور فائرنگ شروع کردی ۔حملہ آوروں اور طالبان سیکیورٹی فورسز میں فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے ۔ غیرمصدقہ اطلاعات کے مطابق ان دھماکوں میں کم ازکم 15 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے ہیں ۔
واضح رہے کہ امریکاکے افغانستان سے انخلا کے دوران ہی طالبان نے افغانستان کا کنٹرول حاصل کرلیا تھا جس کے بعد سے شدت پسند تنظم نام نہاد دولت اسلامیہ کی ایک مقامی شاخ آئی ایس خراسان نے طالبان اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا شروع کر رکھا ہے۔