کار ساز کمپنیوں کے پاس 217روپے سے زائد ایڈوانس کی مد میں موجود

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پی اے سی کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ کار ساز کمپنیوں کے پاس صارفین کے 217روپے سے زائد کی رقم ایڈوانس کی مد میں موجود ہے جبکہ لوگوں کو گاڑی کی ڈلیوری کیلئے خوار کیا جا رہاہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا۔ کمیٹی ارکان سلیم مانڈوی والا، برجیس طاہر، وجیہہ قمر، سید غلام مصطفیٰ شاہ، نثار احمد چیمہ سمیت سیکرٹری انڈسٹریز امداداللہ بوسال، چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور دیگرنے شرکت کی۔
چئیرمین پی اے سی نے استفسار کیا بتایا جائے کار ساز کمپنیوں کے پاس لوگوں کے کتنے پیسے ہیں۔سیکریٹری انڈسٹریز نے بریفنگ میں کہا کہ کار ساز کمپنیوں کے پاس 217.6 ارب سے زائد ایڈوانس کی رقم موجود ہے، ہنڈا کمپنی کے پاس 23 ارب روپے موجود ہیں، گاڑی کی خریداری کے وقت 20 فیصد ایڈوانس لیا جاتا ہے، ڈیمانڈ کم ہونے کی وجہ سے مینوفیکچررز کم کیپسٹی پر ہیں، ہماری تجویز ہے کہ کار مینوفیکچررز تین ماہ سے زائد کی بکنگ نہ کریں۔
آڈیٹر جنرل آف پاکستان نے بتایا کہ ٹویوٹا کے پاس 111 ارب روپے گاڑیوں کے ایڈوانس کی مد میں موجود ہیں، باقی کمپنیوں نے تفصیلات شیئر نہیں کیں، اگر یہ 50 فیصد پر پلانٹ چلا رہے ہیں تو 50 فیصد تک امپورٹ کی اجازت دی جائے تو بہتری ہوسکتی ہے۔
چئیرمین پی اے سی نور عالم خان کا کہنا تھا جب ہم نے کارساز کمپنیوں کو تفصیلات آڈیٹر جنرل کو دینے کی ہدایت کی تھی تو کیوں نہیں تفصیلات دی گئیں۔
نور عالم خان کا کہنا تھا کہ بہاولپور سے ایک خاتون نے مجھے کہا ہے کہ 13 ماہ سے پے منٹ کی ہوئی ہے مگر گاڑی نہیں دی گئی، کار مینوفیکچررز اپنے اکاؤنٹ بھر رہے ہیں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دیا جا رہا، ہماری گزشتہ میٹنگ کے بعد کار مینوفیکچررز نے قیمتیں مزید بڑھا دی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کون سے قانون کے تحت مکمل پے منٹ کے باوجود آپ صارفین سے مزید پیسے مانگتے ہیں؟ مینوفیکچررز بیس فیصد کی بجائے سو فیصد پر بھی بکنگ کرتے رہے ہیں، ہر ایک کے لیے کیا چیئرمین پی اے سی کال کرے یا کوئی منسٹر کال کرے؟ اگرمینوفیکچررز ایسا کر رہے ہیں تو متعلقہ وزارتوں کو چاہیے گاڑیوں کی امپورٹ کی اجازت دی جائے۔
اراکین کمیٹی کا کہنا تھا کہ یہ کمپنیاں 100 فیصد کیپسٹی پر گاڑیاں نہیں بناتیں کیا یہ جان بوجھ کر عوام کو ذلیل کر رہی ہیں۔ رکن کمیٹی برجیس طاہر نے کہا کہ لوگ خوار ہوتے ہیں انہیں گاڑی نہیں ملتی، کار کمپنیوں نے کتنے صارفین کو ریفنڈ کیا ہے۔ سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ایڈوانس لے کر لوگوں کو آٹھ آٹھ ماہ بعد گاڑیاں مل رہی ہیں۔
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے کار ساز کمپنیوں کو ہدایت دی کہ جس گاڑی کی مکمل ادائیگی ہو جائے اسے اوور چارج نہیں کیا جائے۔

#hond#honda#nooralamkhan#pac#PakTurkNews#saleemmandiwalaCarsSuzukiToyota