کورونا وائرس کی ویکسین تیار کرنے والی کمپنی موڈرنا نے کہا ہے کہ وہ حکومتوں کو ویکسین 25 ڈالر سے 37 ڈالر میں فروخت کریں گی۔ پاکستان میں اس ویکسین کی قیمت فی فرد چار ہزار سے چھ ہزار روپے ہو گی۔
موڈرنا کے چیف ایگزیکٹو سٹیفن بینسل نے جرمن اخبار ویلٹ اینڈ سونتیگ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مختلف ممالک کی جانب سے آرڈر کئے گئے اسٹاک کے مطابق قیمت میں کمی بیشی کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ موڈرنا کی ویکسین کی قیمت وہی ہے جو فلو ویکسین کی ہے۔ اس وقت عالمی مارکیٹ میں فلو ویکسین کی قیمت 10 ڈالر سے 50 ڈالر کے درمیان ہے۔
یورپین یونین نے موڈرنا سے کروڑوں کی تعداد میں ویکسین خریدنے کا معاہدہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یورپین یونین نے کمپنی سے مطالبہ کیا ہے ایک ویکسین کی خوراک کی قیمت 25 ڈالر سے کم لی جائے تاکہ یورپ کی عوام کو زیادہ سے زیادہ ویکسین لگائی جا سکے۔
یورپین کمیشن نے کہا کہ ابھی تک موڈرنا کے ساتھ ویکسین کی خریداری کا حتمی معاہدہ طے نہیں ہو سکا ہے تاہم خریداری کی بات چیت جاری ہے تاہم موڈرنا کا کہنا ہے کہ یورپین یونین کے ساتھ ویکسین کی خریداری کا معاہدہ حتمی مراحل میں ہے۔
یورپ کی کمپنی موڈرنا کی ویکسین کے نتائج 94.5 فیصد مثبت آئے ہیں۔ دوسری طرف ترک نژاد ڈاکٹر اوگر شاہین کی بائیون ٹیک کے نتائج بھی اسی فیصد سے سامنے آ رہے ہیں۔
توقع ہے کہ آئندہ ماہ یورپ کی دو بڑی کمپنیوں کی ویکسین مارکیٹ میں فروخت کے لئے دستیاب ہوں گی۔