کورونا کی نئی لہر ،یورپ میں مزید 5لاکھ ہلاکتوں کا خدشہ

لندن(پاک ترک نیوز) عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او ) کا کہنا ہے کہ کورونا کی نئی لہر کے باعث یورپ میں سردیوں کے اختتام تک کم از کم مزید 5لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق عالمی ادارہ صحت کے ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر جان کلیوگ کا کہنا تھا کہ اگر فوری ایکشن نہیں لیا گیا تو کورونا وائرس کی نئی لہر سے یورپ میں مارچ تک مزید 5 لاکھ افراد ہلاک ہو سکتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ ویکسین کی قلت، سردیوں کی آمد اور علاقائی سطح پر میل جول سے ڈیلٹا ویرینٹ مزید پھیل سکتا ہے ۔
ڈبلیو ایچ او کے ریجنل ڈائریکٹر کے مطابق ماسک پہننے کے عمل میں اضافہ کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے جب کہ ویکسین کی بھرپور طریقے سے فراہمی، عوام پر کورونا کے قواعد کا نفاذ اور کورونا وائرس کے جدید طریقوں سے علاج کی مدد سے کورونا کی تازہ لہر سے لڑا جاسکتا ہے۔
ڈاکٹر جان کلیوگ کا کہنا تھا کہ کووڈ 19 ہمارے خطے میں ایک بار پھر ہلاکتوں کی سب سے بڑی وجہ بن گیا ہے، ہمیں معلوم ہے کہ ہمیں وائرس سے لڑنے کے لیے کیا کرنا ہے، ویکسین کو لازمی قرار دینا ہمارا اس لڑائی میں آخری حربہ ہونا چاہیے لیکن اس سے قبل ہمیں ویکسی نیشن کے معاملے پر سوشل اور قانونی فورمز پر بروقت بحث کرانی چاہیے۔
یہ رپورٹ اس وقت سامنے آئی ہے جب کئی ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے کے سبب جزوی اور مکمل لاک ڈاؤن کا نفاذ پھر سے شروع ہوچکا ہے۔

#PakTurkNewscoronavirusEuropeLondon