کینیڈین عدالت کا ایران کو گرائے گئے جہاز متاثرین کے لواحقین کو کروڑوں ڈالر ادا کرنے کا حکم

اوٹاوا (پاک ترک نیوز) کینیڈا کی ایک عدالت نے ایران میں پاسداران انقلاب کے حملے میں تباہ ہونے والے طیارے کے مسافروں کے لواحقین کو 8 کروڑ 39 لاکھ 40 ہزار ڈالر ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔
اونٹاریو کی اعلیٰ عدالت برائے انصاف کے جسٹس ایڈورڈ بیلوبابا نے 2020 میں ایران میں گرائے گئے یوکرین کے طیارے کے 6 کینیڈی مسافروں کے لواحقین کو سود سمیت زر تلافی ادا کرنے کا حکم دیا ہے جو مجموعی طور پر 107 ملین کینیڈی ڈالرز بنتے ہیں۔
لواحقین کے وکیل مارک آرنلڈ نے کہا کہ دیگر ممالک میں موجود ایران کے آئل ٹینکرز ضبط کرکے مرنے والے مسافروں کے اہل خانہ کو رقم ادا کرانے کے لیے وہ اور ان کی ٹیم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔
وکیل مارک آرنلڈ نے 6 لواحقین کی جانب سے ایران اور ان دیگر افسران کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جو ان کے خیال میں واقعے کے ذمہ دار ہیں۔ وکیل کے مطابق کچھ لواحقین نے ایران کے خوف سے اپنے نام خفیہ رکھے۔
ایران نے جنوری 2020 میں یوکرائن کے ایک جہاز کو مار گرایا تھا جس میں سوار تمام 176 افراد مارے گئے تھے جن میں کینیڈا کے 55 شہری اور 30 مستقل رہائشی شامل تھے۔
آغاز میں ایران نے طیارہ گرانے کی ذمہ داری قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا تاہم بعد میں تسلیم کیا کہ غلطی سے مسافر بردار طیارے کو نشانہ بنایا جس پر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف تفتیش جاری ہے۔

#canada#PakTurkNews#planeiran