سان فرانسسکو(پاک ترک نیوز) معروف رابطے کی ایپ واٹس ایپ نے گفتگو کو خفیہ رکھنے کیلئے آٹو ڈیلیٹ کا آپشن پیش کردیا ہے۔ اس سہولت کے باعث آپ 24 گھنٹے، سات روز یا 90 دن کے آپشن رکھ سکتے ہیں اور پیغام اس مدت کے بعد ڈیلیٹ ہوجائے گا۔
اس میں فی الحال تین اوقات دئیے جارہے ہیں جنہیں آپ اپنی پسند کے لحاظ سے منتخب کرسکتے ہیں۔ واٹس ایپ کی ہمیشہ سے اولین ترجیح ہی رابطوں اور گفتگو کو محفوظ تر بنانا ہے۔ اس کے علاوہ سابقہ فیس بک اور حالیہ میٹا کمپنی کی ملکیت ہونے کی وجہ سے واٹس ایپ سے انسٹاگرام پر رابطے ممکن بنانے پر بھی غور ہورہا ہے۔ تاہم میٹا کی جانب سے مکمل طور پر ای ٹو ای انکرپشن پر بھی کام جاری ہے جس پر 2023 تک مکمل عملدرآمد ہوگا۔
واٹس ایپ نے اعلان کیا ہے کہ اب ’صارف تمام نئی گفتگو کے لیے نیا آپشن استعمال کرسکتے ہیں۔ اسے سرگرم کرنے پر اپنی مقررہ مدت میں پیغامات یا اس کے طویل سلسلے (تھریڈ) ازخود مٹ جاتے ہیں۔ اس فیچر کو مخصوص واٹس ایپ گروپ پربھی متعارف کرایا جاسکتا ہے،‘ واٹس ایپ نے اپنے اعلامئے میں کہا ہے۔
میٹا پر ڈیٹا کو محفوظ بنانے کے لیے بالخصوص یورپی ممالک کا بھی دباؤ ہے اور شاید ڈیلیٹ آپشن اسی وجہ سے پیش کیا گیا ہے۔