لاہور(پاک ترک نیوز) پاکستان کے لیجنڈ کرکٹر گگلی ماسٹر عبدالقادر کو آئی سی سی ہال آف فیم شامل کر لیا گیا۔انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی ) نے مرحوم عبدالقادر کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئےان کا نام ہال آف فیم میں شامل کر لیا۔عبدالقادر آئی سی سی ہال آف فیم میں ساتویں پاکستانی ہیں۔ اس سے قبل ظہیر عباس، عمران خان، وقار یونس، حنیف محمد، جاوید میانداد اور وسیم اکرم بھی ہال آف فیم میں شامل ہو چکے ہیں۔
لیگ سپنر عبدالقادر کے ساتھ ویسٹ انڈیز کے شیونرائن چندرپال اور انگلینڈ کی شیرلوٹ ایڈورڈز کو بھی ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پاکستان کے جادوگر سپنر کا شاندار کرکٹ کیریئر 13سال پر محیط تھا۔عبدالقادر کے بین الاقوامی کیریئر میں باؤلنگ کا جادو کرکٹ کی دنیا پر چھایا رہا۔
عبدالقادر نے 67 ٹیسٹ میچوں میں 236 وکٹیں حاصل کی۔ عبدالقادر نے 104 ون ڈے میچوں میں 132 وکٹیں لیں ۔عبدالقادر کے پاس 56 رنز دیکر 9 وکٹیں حاصل کرنے کا قومی ریکارڈ بھی ہے۔
عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر نے والد کا نام آئی سی سی ہال آف فیم میں شامل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کا کہنا تھا کہ یہ ہماری فیملی کے لیے بہت یاد گار لمحہ ہے۔ والد حیات ہوتے تو آج وہ یہ ایوارڈ ملنے پر بہت خوش ہوتے۔