یورپی یونین کا روسی تیل کی 90فیصد درآمدات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ

برسلز (پاک ترک نیوز) یورپی یونین نے روس کی 90فیصد تیل کی درآمد ات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یورپی یونین کے رکن ممالک کے نمائندوں کی برسلز میں ہونے والی ملاقات میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
تفصیلات کےمطابق یورپی یونین نے روس کی تیل کی 90 فیصد درآمدات پر پابندی عائد کرنے پراتفاق کر لیا ہے۔روس کے اہم بینک کوسوئفٹ فنانشل سسٹم سے بھی نکالا جائے گا۔ یورپی یونین کے27 ممالک پر مشتمل بلاک کئی ہفتے سے روس پر مکمل طور پر پابندی لگانے پر زور دے رہا تھا۔ تاہم ہنگری کے وزیراعظم وکٹر آربن مسلسل اس کی مخالفت کرتے رہے۔
یورپی یونین نے ہنگری سے سمجھوتہ کیا ہے کہ روس کی 90 فیصد تیل کی درآمد پر پابندی عائد کی جائے گی جبکہ پائپ لائن کے ذریعے یورپ پہنچنے والے تیل کو پابندی سے مستثنٰی قرار دیا جائے گا۔
اس سے قبل ہنگری نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ اگر مکمل طور پر پابندی لگا دی گئی تو اس کی معیشت تباہ ہو جائے گی۔
معاہدے کے بعد یورپین کونسل کے چیف چارلس مچل نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ یورپی یونین کی جانب سے تیل کی درآمد پر پابندی کا معاہدہ تیار ہے۔ جس کے تحت فوری طور پر روس سے دو تہائی تیل کی درآمدات پر پابندی لگائی جائے گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روس پر جنگ کے خاتمے کے لیے زیادہ سے زیادہ دباؤ ڈالا جا سکے گا۔

#bank#brussels#europenunion#PakTurkNewsGasoilrussia