چوتھا ٹی 20: پاکستان کا نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 159 رنز کا ہدف

کرائسٹ چرچ: (دنیا نیوز) پانچ میچوں کی سیریز کے چوتھے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 159 رنز کا ہدف دے دیا۔
قبل ازیں کرائسٹ چرچ میں کھیلے جا رہے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ہے۔دونوں ٹیمیں کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں آمنے سامنے ہیں۔
پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا ہم بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا ہی فیصلہ کرتے، ورلڈکپ کی تیاری کے لیے ٹیم میں تبدیلیاں کی جا رہی ہیں۔
شاہینوں کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن صائم ایوب اس بار بھی ناکام رہے اور دوسرے اوور میں صرف ایک رن پر سلپ میں کیچ آؤٹ ہو گئے۔
پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو 56 کے مجموعے پر 19 رن بنا کر آؤٹ ہوئے، 88 رنز پر فخر زمان بھی 15 گیندوں پر 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔
اعظم خان کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والے صاحبزادہ فرحان بھی دو گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
دوسری جانب محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کے ذریعے ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے اور اپنی نصف سنچری مکمل کی، 126 کے مجموعی سکور پر افتخار احمد 14 گیندوں پر 10 رنز کی اننگز کھیل کر وکٹ گنوا بیٹھے۔
محمد رضوان 63 گیندوں پر 90 رنز اور محمد نواز 9 گیندوں پر 21 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان کی جگہ صاحبزادہ فرحان کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان ٹیم میں کپتان شاہین آفریدی، نائب کپتان محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، افتخار احمد، محمد نواز، وسیم جونئیر، حارث روف اور زمان خان شامل ہیں۔
سیریز میں نیوزی لینڈ کو 0-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے، پاکستان کو سال کے دوسرے وائٹ واش سے بچنے کیلئے باقی دونوں میچ جیتنا ضروری ہیں۔
یاد رہے کہ سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے شکست دی تھی جبکہ دوسرے میچ میں بھی کیویز نے 21 رنز سے کامیابی سمیٹی، تیسرے ٹی 20 میں پاکستان کو فن ایلن کی شاندار بیٹنگ کی وجہ سے 45 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
چوتھے ٹی 20 میچ میں ہار کی صورت میں قومی ٹیم سال کے دوسرے وائٹ واش کے انتہائی قریب پہنچ جائے گی، اس سے قبل پاکستانی ٹیم ٹیسٹ سیریز 0-3 سے ہاری تھی۔

#babarazam#muhammadrizwan#nzvspak#PakTurkNews#pakvsnz#t20#t20series