واشنگٹن (پاک ترک نیوز )امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) نےبو ئنگ کمپنی کے 787 ماڈل کے جہاز استعمال کرنےوالی ائرلائنز سے 5جی انٹر نیٹ کی سہولت کے حامل ہوائی اڈوں پر گیلے یا برفیلے رن وے پرجہازوں کے اترتے وقت اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
ایف اے اے نے گذشتہ روز جاری کی جانے والی ہدایات میں کہاہے کہ 5 جی کی مداخلت انجن اور بریکنگ سسٹم کو لینڈنگ موڈ میں منتقل ہونے سے روک سکتی ہے، جو ہوائی جہاز کےرن وے پر رکنے میں رکاوٹ کا سبب بن سکتا ہے۔
ہدایت نامے میں عملے سے کہا کیا گیا ہے کہ "اس خطرے سے آگاہ رہیں اور ان رن ویز پر اترتے وقت مخصوص حفاظتی طریقہ کار اپنائیں جہاں 5جی کی سروس دستیاب ہے”۔ اس سے دنیا بھر میں 1010 اورمریکہ میں 137 طیارے متاثر ہوچکے ہیں۔
دریں اثناء امریکہ میں گذشتہ سال 80ارب ڈالر کی نیلامی میں ملک میں 5جی کے تقریباً تمام سی۔بینڈ سپیکٹرم جیتنے والی کمپنیوں اے ٹی اینڈ ٹی اور ویریزون نے 5جی کی سروس کے امریکہ بھر کے ہوائی اڈوں پر اجراء کو دو ہفتوں کے لئے مؤخرکرنے کے علاوہ 50 ہوائی اڈوں کے اردگرد بفر زون بنانے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ تاکہ 5جی کی ممکنہ مداخلت سے ہوائی جہازوں کو پہنچنے والے نقصان سے بچا جا سکے۔