مینی سوٹا (پاک ترک نیوز) بالآخر 68سال کے بعد خط اپنی منزل مقصود پر پہنچ ہی گیا۔امریکی ریاست مینیسوٹا میں ایک خط کو اپنی منزل تک پہنچنے میں 68 برس کا عرصہ لگ گیا۔
سوزن نورڈن نامی خاتون اکتوبر میں ہی اپنے نئے گھر میں شفٹ ہوئی تھیں جہاں انہیں ایک خط موصول ہوا جس پر 1953ء کی تاریخ درج تھی اور جن کے نام خط بھیجا گیا تھا وہ مسٹر اینڈ مسز ایڈ نیلسن تھے۔
نورڈن نے کے کیو ڈی ایس ٹی وی کو بتایا کہ میں خط کی تاریخ کو دیکھ کر حیرت زدہ رہ گئی۔ خط ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن سے بھیجا گیا تھا اور خط میں کسی جِمی نامی بچے کی پیدائش کی خوش خبری سنائی گئی تھی۔
نورڈن نے جب اپنے گھر کے سابق رہائشیوں کا پتہ لگایا تو وہ مسٹر اینڈ مسز ایڈ نیلسن ہی تھے۔ نورڈن نے ان کے کسی عزیز کو ڈھونڈنے کے لیے فیس بُک کا سہارا لیا اور بالآخر ان کی پوتی سے رابطہ کرنے میں کامیاب ہوگئیں جن کا نام کونی اینڈرہوم تھا۔
اینڈرہوم کو جب اس خط کا پتا لگا تو وہ جذباتی ہوگئیں۔ انہوں نے بتایا کہ خط ان کے والدین نے دادا دادی کو بھیجا تھا جس میں ان کے بھائی جِمی کی پیدائش کی خبر دی گئی تھی۔ بھائی کا حال ہی میں انتقال ہوا ہے۔ یہ خط بھائی کی یادگار کے طور پر ایک بہترین نشانی ہے۔
تاہم اس بات کی ابھی تک تحقیق نہیں ہوپائی کہ خط 68 سال سے کہاں پھنسا ہوا تھا؟