ریاض (پاک ترک نیوز)
سیاحت اور عمرے کی غرض سے سعودی عرب آنے والوں کے لیے ویزے کی سہولت جلد فراہم کی جائے گی۔اور سعودی عرب آنے کے لیے ٹکٹ خریدتے وقت 96 گھنٹے کا ویزا جاری کرایا جا سکے گا۔
سعودی میڈیاکے مطابق ترجمان نے بدھ کے روز جاری ہونے والے بیان میں سعودی عریبین ایئرلائنز (السعودیہ) کے ترجمان عبداللہ الشھرانی نےکہا ہے کہ سعودی وژن 2030 کے تحت السعودیہ کی پروازوں کے مسافروں کو ٹکٹ خریدتے وقت سیاحتی ویزا جاری کرانے کی سہولت دی جائے گی۔اس حوالے سے ڈیجیٹل سسٹم کو جلد موثر کیا جائے گا۔ سعودی وژن کے مطابق مملکت زیادہ سے زیادہ تعداد میں سیاحوں کو اپنے ہاں آنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سیاحتی ویزے کا دورانیہ چار دن کا ہو گا اس پر عمرہ کر سکتے ہیں۔ تقریبات اور پروگراموں میں شرکت کی جا سکتی ہے۔ سعودی عرب کے کسی بھی شہر آ جا سکتے ہیں۔السعودیہ نے اس سلسلے میں متعدد سرکاری اداروں مثلاً وزارت خارجہ، وزارت داخلہ، وزارت حج و عمرہ اور ضیوف الرحمان پروگرام سے تعاون حاصل کیا ہے۔
عبداللہ الشھرانی نے کہا کہ رواں سال کے دوران بین الاقوامی پروازوں میں 40 فیصد اضافہ کیا جائے گا جبکہ داخلی پروازوں کے لیے پانچ لاکھ مزید نشستیں بڑھائی جائیں گی۔