وزیراعظم سے جموں و کشمیر کے حریت رہنمائوں کے وفد ملاقات

مظفر آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے جموں و کشمیر کے حریت رہنمائوں کے وفد نے آج مظفرآباد میں ملاقات کی۔
وفد میں محمود احمد ساگر، غلام محمد صوفی، سید فیض احمد نقشبندی ، الطاف احمد بھٹ، شہزاد وانی، اعجاز رحمانی ، زاہد اشرف، اور الطاف حسین وانی شامل تھے۔ملاقات میں میں آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق اور وفاق وزراء بھی موجود تھے۔
حریت رہنماؤں نے آزاد جموں و کشمیر کی حالیہ صورتحال پر قابو پانے کے حوالے سے وزیر اعظم پاکستان کے کردار پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔حریت رہنمائوں نے جموں و کشمیر کی حیثیت کے حوالے سے بھارت کے غیر قانونی یکطرفہ اقدام کی توثیق کی مذمّت اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت ہمیشہ جاری رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ گیمبیا میں ہونے والے او آئی سی اجلاس میں پاکستان نے جموں و کشمیر کا مقدمہ بھرپور طریقے سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مقدمہ بین الاقوامی سطح پر مزید بہتر طریقے سے اجاگر کرنے کے لئے وزارت خارجہ اور بیرون ملک پاکستانی مشنز مزید بہتر طریقے سے اپنا کردار ادا کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی میڈیا مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کے حوالے سے دنیا کو آگاہ کرنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ وزیراعظم نے وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کو حریت رہنماؤں سے روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم واضح طور پر بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کی حیثیت سے متعلق بھارت کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کو مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے، جو سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر حل طلب ہے. ان کا مزید کہنا تھا کہ جموں و کشمیر کے مستقبل کا حتمی فیصلہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے؛ بھارت اپنی نام نہاد قانون سازی اور عدالتی فیصلوں کی آڑ میں اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے دستبردار نہیں ہو سکتا۔

#PakTurkNews#pmln#primemnister#shahbazsharifmuzafarabad