فلسطینی نژاد فرانسیسی میوزک سٹار کی جانب سے غزہ کے شہریوں کی بھرپور حمایت

کوچیلا۔کیلی فورنیا(پاک ترک نیوز)
معروف ریپ میوزک سٹار سینٹ لیونٹ نے کوچیلا ویلی میوزک فیسٹیول میں غزہ کے شہریوں کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے انہیں چھ ماہ سے بے رحمانہ قتل عام کا شکار قرار دیا ہے۔
عرب میڈیاکے مطابق فلسطین میں پیدا ہونے والے فرانسیسی میوزک سٹار مروان عبدالحامد المعروف سینٹ لیونٹ نے کیلیفورنیا میں ہونے والے کوچیلا ویلی میوزک اینڈ آرٹس فیسٹیول میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔
اس فیسٹیویل میں پرفارم کرتے ہوئے انہوں نے روایتی فلسطینی رومال گلے میں پہن رکھا تھا۔ سینٹ لیونٹ نے فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری جنگ پر بات کی۔انہوں نے کہا ـ”کوچیلا، میرا نام سینٹ لیونٹ ہے اور میں یروشلم میں پیدا ہوا اور غزہ میں پلا بڑھا۔ مجھے امید ہے جیسے آپ سب جانتے ہوں گے غزہ کے لوگ پچھلے چھ ماہ سے بے رحم قتل عام سے گزر رہے ہیں۔ـ”سینٹ لیونٹ نے مزید کہا کہ ’ فلسطین کے عوام پچھلے 75 برسوں سے بے رحم طریقے سے مقبوضہ ہیں۔‘
سینٹ لیونٹ نے کوچیلا ویلی میوزک فیسٹیول میں ’نیلز‘، ’فرام غزہ وِد لوو‘ اور ’ویری فیو فرینڈز‘ جیسے کئی سپرہٹ گانے گائے۔
یروشلم میں پیدا ہونے والے مروان عبدالحامد المعروف سینٹ لیونٹ نے اس سے قبل اپنے بچپن کے بارے میں بات کی۔وہ کہتے ہیں کہ ’میرے کثیر الثقافت ہونے کی وجہ یہ ہے کہ میری والدہ فرانسیسی اور الجزائری ہیں۔ میرے والد سربین اور ہاف فلسطینی ہیں۔ میرے والدین دونوں الجزائر میں پلے بڑھے لیکن 1990 کے اوائل میں انہوں نے اوسلو معاہدہ جس میں فیصلہ ہوا کہ فلسطین آزاد ہو جائے گا کے بعد واپس فلسطین جانے کا فیصلہ کیا۔لہذا وہ واپس فلسطین چلے گئے۔ میرے والد وہاں 1990 کے اوائل میں رہنے گئے تھے۔ میرے والد نے وہاں ہوٹل بنایا اور میں وہیں بڑا ہوا۔
سینٹ لیونٹ نے مزید کہا کہ سب لوگوں کے لیے بچپن بہت اچھی یادوں والا ہوتا ہے لیکن میرے لیے یہ ملا جلا تھا کیونکہ مجھے ڈرونز کی آوازیں یاد آتی ہیں لیکن سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ مجھے غزہ کی اپنائیت اور خوشبو یاد آتی ہے۔ مجھے کھانوں کا ذائقہ یاد آتا ہے اور اُس مٹی کا عجیب ہونا یاد آتا ہے۔

#gaza#hammas#islreal#music#musicdirector#pairs#PakTurkNews#palistinefrance