پاک ایران کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) پاکستان اور ایران کے درمیان کشیدگی کے معاملے پر قومی سلامتی کمیٹی اور وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا گیا ہے۔
اجلاس کی صدارت نگران وزیر اعظم انوارالحق کاکڑ کریں گے۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بج کر 45 منٹ پر ہو گا، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی،آرمی چیف، نیول اور پاک فضائیہ کے چیف اور خفیہ اداروں کے حکام شریک ہوں گے۔
اجلاس میں پاک ایران کشیدگی پر بریفنگ دی جائے گی، قومی سلامتی کمیٹی امن و امان کی صورتحال پر اہم فیصلے بھی کرے گی، اس کے علاوہ وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی آج ہو گا جس میں ملک کی موجودہ سلامتی کی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ پاکستان نے میزائل حملے کا جواب دیتے ہوئے ایرانی صوبہ سیستان و بلوچستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کو مرگ بر سرمچار کا نام دیا گیا تھا، اس دوران پاکستان میں کارروائیاں کرنے والے متعدد دہشتگرد مارے گئے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے آپریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے سنجیدہ تحفظات پر عمل نہ ہونے کی وجہ سے نام نہاد سرمچار بے گناہ پاکستانیوں کا خون بہاتے رہے، گزشتہ صبح دہشت گردوں کے خلاف کارروائی مصدقہ انٹیلی جنس کی روشنی میں کی گئی۔

#anwarulhaqkakkar#caretakerpm#islamabad#PakTurkNewsiranPakistan