واشنگٹن (پاک ترک نیوز)
امریکہ نےبھارت کی ریاست منی پور میں دو خواتین کو برہنہ کر کے گُھمانے کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واقعے کو ’سفّاکانہ اور بھیانک‘ قرار دیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے اتوار کو اپنے بیان میں متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ نے منی پور واقعے کے پُرامن اور جامع حل کی حوصلہ افزائی کی ہے اور حکام پر زور دیا ہے کہ وہ تمام گروہوں، گھروں اور عبادت گاہوں کی حفاظت کرتے ہوئے انسانی ضروریات پوری کریں۔
منی پور میں مئی کے مہینے میں دو خواتین کے پر دلخراش حملے کی ویڈیو حال ہی میں سامنے آئی جنہیں ایک ہجوم نے برہنہ کر کے پریڈ کرائی اور اس دوران19سالہ لڑکی کے ساتھ اجتماعی زیادتی بھی کی گئی۔ریاست میں مسیحیـ”کوکیوں "کی جانب سے اُن کی آبادی والے علاقے میں انتہا پسند ہندوؤں کے لیے سرکاری سرپرستی میں زمین خریدنے کی اجازت اور خصوصی حیثیت دینے کے خلاف احتجاج شروع کیا گیا تھا جس کے بعد سے پُرتشدد ہنگامے جاری ہیں۔
مئی کے اوائل میں ریاست میں تشدد پھوٹنے کے بعد سے اب تک 130 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ یہ احتجاج ریاست کے دارالحکومت امپھال سے 65 کلومیٹر جنوب میں واقع قصبے چورا چند پور میں کیا گیا۔ احتجاج کرنے والوںمیں خواتین کی ایک بڑی تعداد شامل تھی۔اسی وجہ سےمنی پور میں گزشتہ دو ماہ سے خانہ جنگی کی سی صورتحال ہے۔حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کو بڑے پیمانے پر بند کرنے اور صحافیوں کو اس دور دراز علاقے کی صورتحال کی خبر سے دور رکھنے کی کوششوں کے باوجود ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں خواتین کو تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔