اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما کا کہنا ہے کہ ہماری سمجھ کے مطابق الیکشن کمیشن کو تاریخ آگے کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ سے توقع رکھتے ہیں اس معاملے پر قوم کی رہنمائی کی جائے، وہ چیزیں جو شکوک و شہبات پیدا کریں ان کو فیصلے سے پہلے دور کیا جانا ضروری ہے، پارلیمنٹ نے کل ایک صحیح وقت پر اپنا فرض ادا کیا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے فیصلے ہوتے رہے جس سے معاشرے میں توازن برقرار نہ رہا، سپریم کورٹ کا فیصلہ اندرونی معاملہ نہیں ہوسکتا، اس معاملے سے پوری قوم منسلک ہے، اس معاملے پر ابہام دور ہونا چاہیے، یہ ابہام فل کورٹ بینچ دور کرسکتا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جس طرح سے الیکشن کروانے کی کوشش ہو رہی ہے الیکشن کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا، تمام اسمبلیوں کے الیکشن ایک ساتھ ہونے چاہئیں، ملک میں انارکی اور افراتفری پھیلانا فتنے کا ایجنڈا ہے۔