افغانستان پہلی بار ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گیا ،آسٹریلیا آئوٹ

کنگز ٹاؤن(پاک ترک نیوز) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024ء کے سپر 8 مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلا دیش کو شکست دیکر پہلی بار سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔آسٹریلیا ایونٹ سے باہرہوگیا ۔ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں اب افغانستان کی ٹیم کا مقابلہ جنوبی افریقا سے ہوگا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے زیر اہتمام امریکا اور ویسٹ انڈیز کی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے سپر 8 مرحلے کے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، دونوں ٹیمیں آرنوس ویل کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل تھیں۔
افغانستان نے بنگلا دیش کو جیت کیلئے 116 رنز کا ہدف دیا مگر بارش کی بار بار انٹری کے باعث دوسری اننگز کا کھیل 19 اوورز تک محدود کر دیا گیا اور بنگلا دیش کی پوری ٹیم 105 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی یوں افغانستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت میچ 8 رنز سے اپنے نام کر لیا۔
بنگلادیش نے سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے افغانستان کا دیا گیا 116 رنز کا ہدف 12.1 اوورز میں حاصل کرنا تھا تاہم بارش سے کئی مرتبہ متاثر ہونے والے میچ میں بنگلادیش کی ٹیم 17.5 اوورز میں 105رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بارش سے قبل ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کا آغاز اچھا نہ رہا، صرف 23 رنز پر بنگالیوں کے 3 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔میچ کا دوسرا مرحلہ کم ہدف ہونے کے باوجود بھی سنسنی خیز رہا اور دونوں ٹیمیں آخری گیند تک جیت کی کوششیں کرتی رہیں۔
ہدف کے تعاقب کے دوران کئی مرتبہ بارش کی وجہ سے میچ روکنا بھی پڑا تاہم قسمت افغان ٹیم کے ساتھ نظر آئی اور آخر میں جب میچ بارش کی وجہ سے روکنا پڑا تو اس وقت بنگلادیش کو جیت کے لیے 7 گیندوں پر ایک وکٹ پر 8 رنز درکار تھے مگر مستفیض الرحمان افغان باؤلر نوین الحق کے سامنے مزاحمت نہ کر سکے اور ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
بنگلا دیش کی پوری ٹیم آؤٹ ہونے کے بعد ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت میچ کے نتیجے کا اعلان کر کے افغان ٹیم کو 8 رنز سے فاتح قرار دے دے گیا اور یوں افغان ٹیم نے پہلی مرتبہ سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے بنگلادیش کے لٹن داس 54 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے جبکہ بنگلا دیش کے 4 بلے باز کھاتہ بھی نہ کھول سکے اور صفر پر ہی پویلین لوٹ گئے۔
بنگلادیشی کپتان نجم الحسن شنٹو نے 5، سومیا سرکار نے 10، توحید ہردوئے نے 14، محمود اللہ نے 6، نتظیم حسن ثاقب نے 3 اور تسکین احمد نے 2 رنز بنائے۔
افغانستان کے راشد خان نے 23 رن دے کر 4 اور نوین الحق نے 26 رن دے کر 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ ایک ایک وکٹ فضل حق فاروقی اور گلبدین نائب کے حصے میں آئی۔
گروپ ون کے اہم میچ میں بھارت نے آسٹریلیا کو 24 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

 

#afganistan#austrlia#PakTurkNews#semifinal#t20worldcupBangladeshindia