ڈونیڈن (پاک ترک نیوز) آسٹریلیا کے بعد پاکستان کو نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں بھی بدترین شکست کا سامنا کرنا پڑا، صائم ایوب، اعظم خان، محمد رضوان، افتخار احمد کسی کا بلا نہ چل سکا۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹی ٹونٹی میچ آج ڈونیڈن میں کھیلا گیا۔ نیوزی لینڈ میں جاری 5 ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کیویز کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کانوے نے جارحانہ اننگز کا آغاز کیا تاہم تیسرے اوور میں حارث رؤف کی گیند پر کانوے کیچ آؤٹ ہو گئے۔
کانوے کے بعد آنے والے ٹم سیفرٹ اور فن ایلن نے 125 رنز کی بہترین پارٹنر شپ کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 153 رنز تک پہنچا دیا۔ کیوی بلے باز فن ایلن نے صرف 48 گیندوں پر اپنی سنچری مکمل کی۔
نیوزی لینڈ کے 225 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوری ٹیم 174 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
فن ایلن نے دھواں دھار بیٹنگ کرتے ہوئے 16 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 62 گیندوں پر 137 رنز بنائے۔ فن ایلن زمان خان کے باتھوں کلین بولڈ ہوئے۔
حارث رؤف نے 4 اوورز میں 60 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین آفریدی نے 43 رنز دے کرایک اور زمان خان نے 37 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ محمد نواز نے 44 اور محمد وسیم نے 35 رنز کے عوض ایک ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔
پاکستانی اوپننگ بلے باز اچھی شروعات نہ کرسکے، رضوان 24 اور صائم ایوب 10 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ بابر اعظم نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے لگاتار تیسرے میچ میں نصف سنچری جڑی اور 58 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس طرح نیوزی لینڈ نے 5 میچز کی سیریز میں 0-3 سے برتری حاصل کرلی۔ پاکستان کو وائٹ واش سے بچنے کے لیے بقیہ دو میچز میں سے کوئی ایک میچ جیتنا ضروری ہوگا۔