پاکستان اور ابوظہبی کے درمیان اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری پر مفاہمت

ابوظہبی(پاک ترک نیوز)
پاکستان اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے مفاہمت کی متعدد یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے، جس سے اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کے مختلف اقدامات میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کی راہ ہموار ہوگئی ہے
دستخطوں کی یہ تقریب گذشتہ شب ہوئی جس میں نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان نے شرکت ک۔ جس کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان دو طرفہ ملاقات ہوئی۔ قبل ازیں وزیراعظم کاکڑ نے شیخ محمد سے دو طرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔ اپنی بات چیت میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ اسٹریٹجک تعاون اور بات چیت کو مضبوط بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
مفاہمت کی یہ یادداشتیں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کا احاطہ کرتی ہیںجن میں توانائی، پورٹ آپریشنز، فضلے کے پانی کی صفائی، فوڈ سیکیورٹی، لاجسٹکس، کان کنی، ہوا بازی، اور بینکنگ اور مالیاتی خدمات وغیرہ شامل ہیں۔ معاہدوں کا مقصد باہمی تعاون کو فروغ دینا اور ان اہم شعبوں میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
اس موقع پر نگران وزیر اعظم نے مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کو ایک تاریخی واقعہ قرار دیا جو دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا اور پاکستان کی معاشی خوشحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے دروازے کھولے گا۔کاکڑ نے ون ونڈو آپریشن کے ذریعے کاروبار اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور اقدامات کو تیزی سے ٹریک کرنے میں ایس آئی ایف سی کی کامیابی پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مفاہمت نامے بہت جلد ٹھوس منصوبوں میں بدل جائیں گے۔
اس ضمن میںوزیراعظم نے قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ’’پاکستان کے ساتھ دوستی جس کی بنیاد شیخ زید بن سلطان النہیان نے 1970 کی دہائی میں رکھی تھی۔ اسے ان کے بیٹے شیخ محمد بن زید النہیان نےنئی بلندیوں پر پہنچا دیاہے۔‘‘

#abudhabi#anwarulhaqkakkar#caretakerpm#PakTurkNews#unitedarabemiratesPakistanUAE