وزیراعظم سے جنوبی کوریا کے سفیر کی ملاقات

اسلام آباد (پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے جنوبی کوریا کے سفیر مسٹر پارک کی جون نے ملاقات کی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر مسٹر پارک کی جون (Park Ki Jun) کی آج وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔
جنوبی کوریا کے سفیر نے وزیر اعظم کو کوریا کی قیادت کی جانب سے دوسری مرتبہ وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے کوریا کی قیادت کے تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کیا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے مابین تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کے حوالے سے گہرے روابط ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک نے 1960 کی دہائی کے اوائل سے ہی اقتصادی ترقی کے لیے تعاون کا آغاز کیا۔
وزیرِ اعظم نے جنوبی کوریا کی معیشت میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے رونما ہونے والی نمایاں تبدیلی کی تعریف کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کوریا کے صنعت، بالخصوص چھوٹے پیمانے کی صنعت کے شعبے کی ترقی ، آئی ٹی شعبے بشمول آرٹیفیشل انٹیلی جینس کے تجربے سے سیکھنے کا خواہاں ہے۔
وزیراعظم نے کوریا کی انسانی وسائل کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے پاکستان سے ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافے کی پیشکش بھی کی۔

#korea#northkorea#PakTurkNews#ParkKiJun#pmln#primeminister#shahbazsharif#southkorea