اسلام آباد(پاک ترک نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پارلیمنٹ کی سلامتی کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس طلب کرلیا جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور خفیہ اداروں کے سربراہان ارکان اسمبلی کو سیکیورٹی صورتحال اور دہشت گردوں کے خلاف ملٹری آپریشن کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔اجلاس کل جمعہ کو بلایا گیا ہے جو دوپہر 2:30 بجے ہوگا۔ قومی اسمبلی حکام کا کہنا ہے کہ اسپیکر نے پہلے سے جاری اجلاس کو ہی ان کیمرا کردیا ہے۔
اجلاس میں تمام وفاقی وزرا، مشیران اور ارکان قومی اسمبلی کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے، اجلاس میں قومی سلامتی امور پر اعلی عسکری قیادت اور خفیہ اداروں کے سربراہان بریفنگ دیں گے۔
اجلاس میں ڈی جی آئی ایس آئی افغانستان اور داخلی سلامتی پر بریفنگ دیں گے جب کہ عسکری قیادت ارکان اسمبلی کے سوالات کے جوابات دے گی۔
اسلام آباد سابق حکومت کی افغان پالیسی پر غور کیا جائے گا۔ افغانستان سے واپس آنے والے افراد پر بھی بات ہوگی۔
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اس حوالے سے قومی اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران اجلاس بلانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کل قومی اسمبلی کو ان کیمرا بریفنگ دی جائے گی، تمام ارکان اپنے خدشات پر سوالات کرسکیں گے میں یقین دلاتا ہوں ان کے جائز خدشات کو سنا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اور وزیرستان سے اراکین اسمبلی کے جائز خدشات کی شنوائی ہوگی، فاٹا اور وزیرستان کے اراکین اسمبلی کے خدشات دور کیے جائیں گے، خصوصی اجلاس کے دوران اراکین پارلیمان سوالات کی اجازت ہو گی، حکومت خرابی کو ٹھیک کرنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔