اسرائیل کے غزہ پناہ گزین کیمپ پر حملے میں مزید 433 فلسطینی شہید

غزہ (پاک ترک نیوز) اسرائیل کے غزہ پر حملے میں مزید 433 فلسطینیوں شہید ہوگئے ۔
تفصیلات کےمطابق غزہ میں الشفا ہسپتال کے نواحی علاقے کو بھی بمباری کا نشانہ بنایاگیا جس میں بڑے پیمانے پر شہادتیں ہوئیں ، غزہ کے جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں دو گھروں پر اسرائیلی فضائیہ کی جانب سے بمباری کی گئی، ایک واقعے میں 27 اور دوسرے میں ایک ہی خاندان کے 13 افراد شہید اور 15 زخمی ہوئے۔
غزہ میں اسرائیلی فضائیہ نے 24 گھنٹے کے دوران ایک اور ہسپتال اور مسجد کو نشانہ بنایا ، مغربی علاقے میں واقع ہلال احمر کے ہیڈ کوارٹر اور القدس ہسپتال کے قریبی علاقے پر 30 منٹ تک رہائشی عمارتوں اور سڑکوں پر بمباری کی گئی ، بموں کے ٹکڑے ہلال احمر کے ہیڈکوارٹر میں بھی گرے، فلسطینی وزارت صحت کے مطابق القدس ہسپتال میں 8 ہزار پناہ گزین موجود ہیں۔
اقوام متحدہ کے تحت خان یونس میں چلنے والے سکول پر بھی بمباری کی گئی، جس سے کئی افراد شہید ہوئے جبکہ قریب ہی گھربھی تباہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ اسرائیل نے انتہائی گنجان آباد غزہ کی پٹی کی مکمل ناکہ بندی کر رکھی ہے، غزہ کی جانب خوراک اور ادویات کی ترسیل روک دی گئی ہے اور تمام گذرگاہوں کو بند کردیا گیا ہے۔
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے تین ہزار ہو گئی ہے جبکہ اسرائیلی بربریت میں بچوں اور عورتوں سمیت اب تک 13 ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو ئے ہیں ۔
اقوام متحدہ کے مطابق غزہ پر بمباری کے بعد وہاں سے قریباً 10 لاکھ فلسطینیوں نے نقل مکانی کی ہے جنھیں ’فوری مدد‘ کی ضرورت ہے تاہم غزہ کیلئے انسانی امداد کی اقوام متحدہ کی قرارداد کو ویٹو کر دیا ہے ۔
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بدھ کے روز مطالبہ کیا کہ یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ تک انسانی امداد کی رسائی کے لیے فوری طور پر انسانی بنیادوں پر جنگ بندی کی جائے۔
اسرائیل نے گزشتہ ہفتے غزہ کی تقریباً نصف آبادی یعنی 1.1 ملین لوگوں کو حکم دیا تھا کہ وہ جنوب کی طرف چلے جائیں کیونکہ وہ اسرائیل کی 75 سالہ تاریخ میں شہریوں پر حماس کے بدترین حملے کے جواب میں زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم نے اسرائیلی کے حامیوں کی طرف سے غزہ میں جاری جنگ پر اسرائیل کو ’استثنیٰ‘ دینے کی مذمت کی جہاں امریکی صدر جو بائیڈن نے اسرائیل سے یکجہتی کے لیے دورہ کیا۔
او آئی سی نے وزرائے خارجہ کے ہنگامی اجلاس کے بعد جاری بیان میں کہا کہ فلسطینی عوام کے خلاف وحشیانہ جارحیت کی حمایت کرنے والے بین الاقوامی مؤقف کی مذمت کرتے ہیں جو کہ قابض طاقت کو معاونت فراہم کرتے ہوئے اس کو استثنیٰ دیتے ہیں۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) نے گزشتہ روزبھی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کردیا ۔

 

#gaza#gazaunderattack#PakTurkNewsBlastIsraeloic