اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ کیخلاف ایک اور مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ کے خلاف مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں درج کیا گیا۔
سابق وزیراعظم کے خلاف ایف آئی آر شہری نسیم الحق کی مدعیت میں درج کی گئی، بشریٰ بی بی، ذلفی بخاری، شہزاد اکبر اور فرح خان سمیت دیگر کو ایف آئی آر میں نامزدکیا گیا ہے۔
”آرٹ آف ٹائمز“ کے ملازم نے سابق وزیراعظم کی جانب سے دکان کا جعلی لیٹر ہیڈ استعمال کرنے کے خلاف تھانہ کوہسار اسلام آباد میں درخواست جمع کرادی ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عمران خان اور دیگر نے ان کی دکان کا لیٹر ہیڈ اور جعلی دستخط استعمال کئے،پی ٹی آئی چیئرمین نے توشہ خانے کے تحائف بیچنے کیلئے ہماری دکان کا جعلی لیٹر ہیڈ اور دستخط استعمال کئے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور ان کی اہلیہ ،زلفی بخاری اور فرح گوگی پر 420، 467، 468 اور 471 پی پی سی 1860 کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصا ف کے چیئرمین اور دیگر نے گھڑی، کف لنکس اور دیگر تحائف کی جعلی رسیدیں بنا کر ساکھ کو نقصان پہنچایا،درخواست گزار کے مطابق نہ اس نے کبھی ایسی کوئی چیزیں خریدیں اور نہ کبھی بیچیں۔