امریکہ کی ملکی فضائی حدود میں ایک اور ناقابل شناخت شے کو مار گرایا گیا

واشنگٹن (پاک ترک نیوز)
امریکہ میں آٹھ دنوں کے دوران چوتھے واقعے میں جنگی جہازوں نے ملک کی فضائی حدود میں پرواز کرتی ناقابل شناخت شے کومار گرایا ہے۔امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ مشکوک اڑنے والی اشیا کے سامنے آنے کا اتنا تسلسل ماضی میں کبھی دیکھنے کو نہیں ملا۔
امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ہورون جھیل کے اوپر اڑنے والی چیز کو نشانہ بنانے کے احکامات صدر جوبائیڈن نے جاری کیے۔ امریکی فوج کی شمالی کمانڈ کے اعلٰی عہدیدار جنرل گلین وینہرک نے صحافیوں کو بتایا کہ ایسی چیزوں کو بار بار نشانہ بنانے کی ایک وجہ وہ چینی جاسوس غبارہ بھی ہے جو جنوری کے آخر میں امریکی فضائی حدود میں نظر آیا تھا اور یہ ایک قسم کا انتباہ بھی ہے۔
چینی غبارے کے سامنے آنے کے بعد پچھلے ہفتے بھی امریکی جنگی جہازوں نے کینیڈا اور الاسکا کے اوپر اڑنے والی چیزوں کو نشانہ بنایا تھا۔جس کے بعد پینٹاگون کے حکام کی جانب سے کہا گیا تھا کہ جن چیزوں کو نشانہ بنایا گیا وہ قومی سلامتی کے لیے کوئی بڑا خطرہ نہیں تھیں۔
امریکی حکام نے یہ بھی واضح کیا کہ ریڈار کے ذریعے اڑنے والی اشیا کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور احتیاط کے طور پر فضائی حدودو کو بند کرنا بھی کوئی غیرمعمولی بات نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم اپنی فضائی حدود کو مزید محفوظ بنا رہے ہیں اور تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں جبکہ ریڈار سسٹم کو بھی مضبوط بنایا جا رہا ہے۔

#americanpresident#balloon#joebiden#PakTurkNews#washingtondcAmerica