فل برائٹ سکالرشپ پروگرام 2024کے لئے درخواستوں کی وصولی شروع

اسلام آباد (پاک ترک نیوز)
پاکستان کے لئے امریکی تعلیمی فاؤنڈیشن (یو ایس ای ایف پی) نےآئندہ سال کے لئے تعلیمی وظائف کے دنیا کے سب سے بڑے فلبرائٹ اسٹوڈنٹ پروگرام 2024 کے لیے درخواستیںوصول کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔جنکی آخری تاریخ 28فروری 2024ہے۔
اس سلسلے میں امریکی سفارتخانے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہےکہ پاکستان میں فل برائٹ پروگرام کو امریکی حکومت کی طرف سے مالی اعانت فراہم کی جاتی ہے اور یہ مالیاتی شراکت کے لحاظ سے دنیا کا سب سے بڑا پروگرام ہے۔اس سکالرشپ پروگرام کے تحت توانائی، پانی، زراعت، صحت، تعلیم، ماحولیاتی سائنس، اور موسمیاتی تبدیلی سمیت تمام شعبوں سے درخواستوں کا خیرمقدم کیا جاتا ہے۔
دلچسپی رکھنے والے درخواست دہندگان 28 فروری 2024 کی آخری تاریخ سے پہلے www.usefp.org پر درخواست دے سکتے ہیں۔اس حوالے سےفل برائٹ کا پریمیئر اکیڈمک ایکسچینج پروگرام گریجویٹ سطح پر ٹیوشن فیس،ذاتی اخراجات، انشورنس اور ہوائی سفر کا احاطہ کرتا ہے۔
مزید براںتمام درخواست دہندگان کو گریجویٹ ریکارڈ امتحان (GRE) دینا ضروری ہے اور امتحان کے زبانی اور مقداری دونوں حصوں میں ان کا کم از کم اسکور 145 ہونا چاہیے۔ شارٹ لسٹ شدہ امیدواروں کو ڈوولنگو انگلش ٹیسٹ دینے کی ضرورت ہوگی۔
فل برائٹ پروگرام کے تحت، 2005 سے اب تک تقریباً 3,000 پاکستانی طلباء نے گریجویٹ مطالعہ کے لیے مکمل طور پر فنڈڈ وظائف حاصل کیے ہیں۔ یہ اعزاز حاصل کرنے والوں نے اپنی تعلیم اور تحقیق مکمل کر لی ہے اور اب وہ اپنے علم اور مہارت سے سرکاری اور نجی شعبوں میں نمایاں شراکت کر رہے ہیں۔

#educaton#fullbright#islamabad#PakTurkNews