غزہ (پاک ترک نیوز) غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں روز بروز اضافہ ہو رہاہے ۔ مسلسل بمباری کے باعث غزہ کی 70فیصد آبادی بے گھر ہوگئی ہے ۔
تفصیلات کےمطابق غزہ کے حکام نے بتایا کہ غزہ کی پٹی پر جاری اسرائیلی جارحیت نے محصور علاقے کی تقریباً 70 فیصد آبادی کو اپنے گھروں سے "زبردستی بے گھر” کر دیا ہے۔
حالیہ اعداد و شمار کے مطابق غزہ کی آبادی کا تخمینہ 23 لاکھ ہے۔
غزہ میں قائم سرکاری میڈیا آفس کے مطابق غزہ بھر میں 50فیصد مکانات کو اسرائیلی بمباری سے شدید نقصان پہنچا ہے اور 10مکانات یا تو مکمل طور پر تباہ ہو گئے یا وہ رہنے کے قابل نہیں رہے ہیں ۔
اس نے یہ بھی کہا کہ غزہ میں نصف ہسپتال اور 62 فیصد صحت کی دیکھ بھال کے مراکز متاثر ہوئے ہیں جو اپنی استعداد کے مطابق کام نہیں کر رہے ہیں ۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 7 اکتوبر سے غزہ پر تقریباً 30,000 ٹن دھماکہ خیز مواد گرایا ہے۔
اسرائیل نے 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے سرحد پار سے کیے گئے حملے کے بعد غزہ کی پٹی پر فضائی اور زمینی حملے کیے ہیں۔
غزہ کی پٹی میں اسرائیلی بمباری میں 4104 بچوں اور 2641 خواتین سمیت کم از کم 10,022 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 1,600 ہے۔