لاہور(قیوم زاہد سے )پاکستان ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ سیریز جیتیں، پچھلے میچ کی غلطیوں سے سیکھیں گے، ورلڈ کپ کو ذہن میں رکھ کر کھیل رہے ہیں۔
نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں پرمشتمل ٹی ٹوینٹی سیریز کے چوتھے میچ سے قبل قومی کپتان بابراعظم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کوشش ہے کہ ( نیوزی لینڈ کے خلاف ) سیریز جیتیں، مجھے سب لڑکوں پر یقین ہے، یہی لڑکے اچھا کھیل پیش کریں گے،انہوں نے کہا کہ پچھلے میچ کی غلطیوں سے سیکھیں گے۔
ٹی ٹونٹی کپتان بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ورلڈکپ سے پہلے تیاریاں کرنے کے لیے یہ سیریز ایک اچھا موقع ہے، اسی لیےمختلف کمبینیشن آزما رہے ہیں، کوشش ہے کہ ورلڈ کپ کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دیں۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ اس سیریز میں مختلف تجربے کیے جا سکتے ہیں کیونکہ مقصد ورلڈ کپ کے لیے مضبوط ٹیم تیار کرنا ہے۔
قومی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ہم ہر کھلاڑی کو موقع دینے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ سب کھلاڑی تیار رہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لیے اچھا کرنا مقصد ہے اور مثبت ذہنیت کے ساتھ کھیل رہے ہیں۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی انجری کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس کی انجری اتنی خاص نہیں لیکن احتیاط کے طور پر آخری دو میچ نہ کھلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
کھلاڑیوں کی فٹنس سے متعلق سوال کے جواب میں بابراعظم نے کہا کہ فٹنس پر سب کھلاڑی کام کررہے ہیں، فٹنس کے حوالے سے کاکول کیمپ کا فائدہ ہوا ہے۔