آرمی چیف سے بحرین نیشنل گارڈ کمانڈر کی ملاقات، دفاعی تعاون کے فروغ پراتفاق

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر باجوہ سے بحرینی کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے ملاقات کی ۔
تفصیلات کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے درمیان ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ فوجی تعاون کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی، انسداد دہشتگردی کی کوششوں اور تربیتی تبادلوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے روایتی مضبوط دفاعی، سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ملاقات کے دوران بحرین کے ساتھ فوجی تعلقات کو بڑھانے کے لئے پاکستان کا عزم بھی دہرایا۔
ملاقات میں آرمی چیف نے مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں تعاون کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر بحرینی کمانڈر نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ انہوں نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کا اعتراف بھی کیا۔
اس موقع پر معزز مہمان نے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مضبوط کرنے کیلئےعزم کا اعادہ بھی کیا۔

#armychief#asimmunir#behreen#ghq#PakTurkNews#rawlapindi