راولپنڈی (پا ک ترک نیوز) سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی )کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں پر پابندی عائد کردی گئی۔
پی ٹی آئی کے بانی عمران خان سے ملاقات پر پابندی کا فیصلہ محکمۂ داخلہ پنجاب نے کیا، ان سے ملاقاتوں پر پابندی کا اطلاق 2 ہفتوں کے لیے ہو گا۔
یاد رہے کہ جیل انتظامیہ نے منگل اور جمعرات کا دن ملاقاتوں کے لیے مختص کر رکھا تھا۔
پولیس نے میڈیا کو بھی بانی پی ٹی آئی کی کوریج سے روک دیا، میڈیا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والوں کی کوریج کرتا ہے، تاہم پولیس نے اڈیالہ جیل کے گیٹ نمبر 5 کے باہر میڈیا گاڑیوں کی پارکنگ پر بیریئر لگا دیے۔
پولیس نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کیمروں والی جگہ پر بھی قناتیں لگادیں ، اس حوالے سے موقع پر موجود سکیورٹی اہلکار نے کہا کہ میڈیا کو آج کوریج کی اجازت نہیں، میڈیا ٹیمیں جیل سے 2 کلو میٹر دور چلی جائیں۔