اسرائیل پر حملے سے قبل امریکہ کو آگاہ کر دیا تھا، ایرانی وزیر خارجہ

نیو یارک(پاک ترک نیوز)
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیرعبداللہیان نے کہا ہے کہ امریکہ کو تہران کے اسرائیل کے خلاف جوابی کاروائیکے فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا تھا۔ جبکہ آپریشن ’سچا وعدہ‘ کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی اہداف پر حملوں کے ذریعے پورا کیا گیا تھا۔
ایرانی وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایران۔اسرائیل صورتحال پر اجلاس میں شرکت کے لئے گذشتہ شب امرکیہ پہنچنے پر صحافیوں سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوںنے کہا کہ ہم نے امریکہ کو ایک پیغام بھیجا تھا جس میں اسے آپریشن کے بارے میں بتایا گیا تھا۔ اور اب اتوار کی صبح ایک اور پیغام بھیجا ہےکہ ہم خطے میں مزید کشیدگی کے خواہاں نہیں ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ اسرائیل نے براہ راست دمشق میں ایرانی سفارت خانے کو دہشت گردی کی کارروائی میں نشانہ بنایا جس میں شام میں ہمارے سرکاری فوجی مشیروں کو شہید کیا گیا۔ ہم علاقائی حالات کو دیکھتے ہوئے خود کو روک رہے تھے ۔ہم بارہا اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے مطالبہ کرتے رہے کہ سلامتی کونسل اپنی ذمہ داری پوری کرے۔مگر انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی کارروائیوں کا مقابلہ کریں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے انکشاف کیا کہ ہم نے امریکہ کو حملے کے بارے میں اس وقت مطلع کیا جب بین الاقوامی قانون اور جائز دفاع کے دائرہ کار میں اسرائیل کو ضروری جواب دینے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ امریکہ کو پہلے ہی سے آگاہ کر دیا گیا تھا کہ جب تک واشنگٹن صیہونی حکومت کی حمایت میں جنگ نہیں چھیڑتا خطے میں امریکی اڈوں اور مفادات کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔
ایک سوال کے واب میں حسین امیرعبداللہیان نے کہا کہ پیغامات کا تبادلہ خاص طور پر سوئٹزرلینڈ کے سفارت خانے کے ذریعے کیا گیا جو ایران میں امریکی مفادات کی نمائندگی کرتا ہے۔ اور سرکاری سفارتی چینلز کے ذریعے بھی۔ جس کا مقصد ایران کے اقدام کے بارے میں صحیح فہم پیدا کرنا اور خطے میں کشیدگی اور بحران کو بڑھنے سے روکنا ہے۔
اپنے دورہ نیویارک کے مقصد کے بارے میں ایک نامہ نگار کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ایران کے اعلیٰ سفارت کار نے کہا کہ وہ جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے جو مغربی ایشیا میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے بلایا گیا ہے جس میں زیادہ تر توجہ فلسطین پر ہوگی۔ اقوام متحدہ کا اجلاس خطے میں مستحکم امن و سلامتی کے قیام کی ضرورت کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے خیالات کو بیان کرنے کا ایک موقع ہے۔

#attack#iraniforegminister#isreal#PakTurkNews#tehranAmericairanPakistan