تہران (پاک ترک نیوز)
اسلامی جمہوریہ ایران کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اعلان کیا ہے کہ اسکی کمرشل ہوائی جہاز بنانے کی فیکٹری مکمل ہوگئی ہے ۔ جو جلد اپنے پہلے ہوائی جہاز کی تیاری کے کام کا آغاز کرے گی۔
اس امر کا انکشاف ایرانی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ محمد محمدی بخش نے گذشتہ روز یہاں ٹرانسپورٹ کی بین الاقوامی نمائش کے موقع پرپریس کانفرنس میں کیا۔
انہوں نے بتایا کہ کمرشل جہاز بنانے والی فیکٹری میں تیار کئے جانے والے پہلے جہاز کا نام سیمرغ رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ منصوبہ ایرانی حکومت کی زیر سرپرستی انکے ادارے ، وزارت دفاع اور وزارت تجارت کے اشتراک سے مکمل کیا گیا ہے۔
ایران کے پاس موجودہ کمرشل جہازوں کا بیڑا اوسطاً 30سال پرانے ائر بس 300اے اور بوئنگ 737جہازوں پر مشتمل ہے۔ جبکہ امریکہ اور یورپی یونین سمیت دیگر ملکوں کی جانب سے ایران پر عائد پابندیوں کی وجہ سے وہ قومی پرچم بردار ایران ائرسمیت دیگر ائرلائنز کے بیڑے کو تبدیل نہیں کر پا رہا۔تاہم اپنا کمرشل جہاز بنانے کے بعد بھی ایران بین الاقوامی سطح پر انہی پرانے جہازوں کو استعمال کرنے پر مجبور ہوگا ۔جب تک کہ بین الاقوامی ایوی ایشن اور مختلف ملکوں کے ایوی ایشن ادارے اسکے تیار کردہ جہاز کے سفر کے لئے محفوظ ہونےکی تصدیق نہیں کردیتے۔