کوہاٹ۔7دسمبر (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ جدید تعلیم ہماری ترجیح ہے، تعلیم یافتہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں، اساتذہ کا تعلیمی نظام میں انتہائی اہم کردارہے، مادر علمی میں گزارا ہواوقت طلباکو مستقبل کے چیلنجزسے عہدہ برآ ہونے کے لئے تیار کرتاہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے جمعرات کو کیڈٹ کالج کوہاٹ کے 58ویں یومِ والدین کی تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ نگران وزیراعظم نے کہا کہ کیڈٹ کالج کے 58ویں یوم والدین کی تقریب میں شرکت اور نوجوان کیڈٹس سے مخاطب ہونا میرےلئے اعزاز کا باعث ہے۔مادر علمی میں گزارا ہوا وقت ہمیں مستقبل کے لئے تیار کرتاہے۔ جدیدتعلیم بالخصوص سائنس اور ٹیکنالوجی کسی بھی قوم کی ترقی کی ضمانت ہے۔ ہمیں خود کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کے لئے اقدامات کرناہوں گے۔ وزیراعظم نے کہاکہ اساتذہ تعلیمی نظام میں انتہائی کلیدی حیثیت رکھتےہیں۔ والدین پر بھی انتہائی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ نے ہمیشہ بہترین نتائج دیئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ کالج میرا مادر علمی رہا ہے۔میں 1984 میں بلوچستان کے ایک پسماندہ علاقے سے تعلیم کے لئے اس کالج میں آیا۔ میں زندگی میں آج اس مقام پرپہنچا ہوں تو اس کا سہرا میرے اس مادر علمی کے اساتذہ کے سر ہے۔ وزیراعظم نے کیڈٹس کو تلقین کی کہ وہ محنت ، ایمانداری اور لگن سے آگے بڑھتے جائیں، ان کے لئے زندگی میں چیلنجزہوں گے، مشکلیں آئیں گی لیکن کامیابی ان کا مقدر ہو گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ ایک اچھا انسان بننا ہی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔ تقریب سے خطاب کے دوران نگران وزیراعظم جو کیڈٹ کالج سے فارغ التحصیل ہیں ،نے اپنی مادر عملی کے بہت سے اساتذہ کانام لے کر ذکر کیا اور انہیں یاد کرتےہوئے وزیراعظم آبدیدہ ہو گئے۔وزیراعظم نے کہا کہ مجھ میں آج جو کچھ اچھاہے اس کاسہرا میرے اساتذہ کے سر ہے ۔ قبل ازیں پرنسپل بریگیڈیئر (ر) طفیل محمد خان نے کہا کہ کیڈٹ کالج کوہاٹ نے ہمیشہ بہترین نتائج دیئے ہیں اور بورڈ امتحانات میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہیں۔ اس کے علاوہ ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی بہترین کارکردگی کا بھی مظاہرہ کیاہے۔ کالج کے فارغ التحصیل مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات سر انجام دے رہے ہیں۔وزیراعظم نے کیڈٹس کی پریڈ کامعائنہ کیا۔ وزیراعظم کو کیڈٹس کے چاق و چوبند دستےنے سلامی دی۔ انہوں نے چیمپئن شپ کا پرچم رستم ہائوس کے حوالے کیا۔ اس موقع پر چیئرمین بورڈ آف گورنر میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے کیڈٹس کی طرف گھڑ سواری ، نیزہ بازی اور جماسٹکس کا مظاہرہ بھی دیکھا۔وزیراعظم نے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں انعامات تقسیم کئے جبکہ کیڈٹ کالج کوہاٹ کے پرنسپل نے وزیراعظم کو کالج کا سوونیئر پیش کیا۔