لاہور (پاک ترک نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کے چیئرمین محسن نقوی نے نئی مینز سلیکشن کمیٹی کا تقرر کردیا ۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نئی مینز سلیکشن کمیٹی کا تقرر کردیا ۔ انہوں نے یہ اعلان پاکستان کرکٹ کے ہیڈ کوارٹر قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔
سات رکنی سلیکشن کمیٹی میں سابق ٹیسٹ کرکٹرز وہاب ریاض۔ محمد یوسف ۔ عبدالرزاق اور اسد شفیق شامل ہیں جبکہ پاکستان ٹیم کے کپتان اور کوچ بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
ساتویں رکن ڈیٹا اینالسٹ ہوں گے, جو ٹیم سلیکشن میں مدد کے لیے اعداد و شمار اور ڈیٹا فراہم کرنے کے ذمہ دار ہو گا۔
وہاب ریاض سابقہ سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین تھے انہوں نے27 ٹیسٹ، 91 ون ڈے اور 36 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے۔
محمد یوسف نے 90 ٹیسٹ، 288 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کررکھی ہے۔اسد شفیق نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی ہے۔ اسد شفیق نے اپنے دس سالہ بین الاقوامی کریئر میں پاکستان کے لیے 77 ٹیسٹ، 60 ون ڈے اور 10 ٹی ٹوئنٹی کھیلے۔ عبدالرزاق کا بین الاقوامی کریئر 46 ٹیسٹ، 265 ون ڈے اور 32 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل پر محیط رہا ہے۔
سلیکشن کمیٹی کا کوئی چیئرمین نہیں ہوگا جس میں ہر رکن کو مساوی اختیارات حاصل ہوں گے اور یہی کمیٹی قومی سلیکشن کے معاملات کے علاوہ انڈر 19 اور اے ٹیم کے انتخاب کی بھی ذمہ دار ہوگی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ میں نے چار سابق ٹیسٹ کھلاڑیوں پر مشتمل سات رکنی سلیکشن کمیٹی کو مینڈیٹ دیا ہے کہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کے لیے قومی ٹیموں کا انتخاب کرے۔ سلیکشن کمیٹی کے کام میں مداخلت نہیں کروں گا۔ یہ تمام لوگ تجربہ کار اور پیشہ ور ہیں اور مجھے یقین ہے کہ وہ اپنا کام لگن اور ایمانداری کے ساتھ کریں گے۔