اسلام آباد / بیجنگ(پاک ترک نیوز) چین نے پاکستان کو دیے گئے دو ارب ڈالر کے ڈیپازٹ کی واپسی مؤخر کردی۔
چین کی طرف سے جمع کروائے گئے دو ارب ڈالر کی مدت 23مارچ کو ختم ہونی تھی۔ چین نے ادائیگی کی تاریخ سے پہلے ہی یہ رقم رول اوور کردی۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کو اس حوالے سے خط لکھ کر درخواست کی تھی۔دو ارب ڈالر کا ڈپازٹ رول اوور کرانے کیلئے وزارت خزانہ اور چینی حکام کے درمیان رابطے ہوئے تھے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چین نے مجموعی طور پر پاکستان کو 4 ارب ڈالر کا قرض سیف ڈپازٹ کے طور پر دے رکھا ہے، جس سے پاکستان پر بیرونی ادائیگیوں کا بوجھ کم ہوا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان کے لیے 2 ارب ڈالر کا قرض رول اوور کیا تھا۔