واشنگٹن (پاک ترک نیوز)
امریکہ کے صدر جو بائیڈن نے چین کے معاشی مسائل اور کمزور اقتصادی ترقی کے باعث اسے ایسا معاشی ٹائم بم قرار دے دیا ہےجو کسی بھی وقت پھٹ سکتا ہے ۔اور عالمی معیشت کے لئے مستقبل میں انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔
امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق صدر بائیڈن نے گذشتہ روز ایک چندہ اکٹھا کرنے کی تقریب میں چین کے حوالے سے کہا کہ ان کے کچھ مسائل ہیں۔اور یہ اچھا نہیں ہے کیونکہ جب برے لوگوں کے مسائل ہوتے ہیں تو وہ برے کام کرتے ہیں۔بائیڈن نے کہا کہ چین مشکل میں ہے اور وہ اسے نقصان نہیں پہنچانا چاہتے بلکہ بیجنگ کے ساتھ ایک معقول تعلق چاہتے ہیں۔
صدر بائیڈن نے حالیہ بیان ایسے موقع پر دیا ہے جب سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے چند ہفتے پہلے ہی چین کا دورہ کیا تھا جس کا مقصد بیجنگ کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنا تھا۔جبکہ جون میں بھی ایک فنڈ اکھٹے کرنے کی تقریب سے خطاب میں صدر بائیڈن نے کچھ ایسے ہی ریمارکس دیے دیتے ہوئے صدر شی جن پنگ کو ’آمر‘ قرار دیا تھا۔
چین کے مطابق امریکہ کے ساتھ باقاعدہ تعلقات استوار ہونے کے بعد سے یہ اس وقت انتہائی تنزلی کا شکار ہیں۔دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی کی شرح کو سامنے رکھتے ہوئے چین کے متعلق خیال کیا جا رہا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر انتہائی سست اقتصادی ترقی کے دور میں داخل ہو رہا ہے جب کنزیومر پرائسز اور تنخواہوں میں بھی اضافہ نہیں ہو رہا۔
دوسری جانب دنیا کی سب سے بڑی معیشت امریکہ نے شدید مہنگائی کی شرح پر قابو پا لیا ہے اور لیبر مارکیٹ میں بھی تیزی آئی ہے۔