چین کا دورہ کامیاب رہا، سی پیک ٹو پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا: وزیراعظم

اسلام آباد(پاک ترک نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین کا دورہ کامیاب رہا، سی پیک ٹو پر کام تیزی سے آگے بڑھے گا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ دورہ چین میں سکیورٹی سے متعلق معاملات ایجنڈے میں سرفہرست تھے، چینی باشندوں کی سکیورٹی سے متعلق چینی حکومت کو یقین دہائی کرائی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ سی پیک ٹو منصوبے پر تفصیلی گفتگو ہوئی، بہت جلد چین سے اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان آئے گا، اللہ تعالیٰ نے ہمیں موقع دیا ہے کہ چین سے رشتے کو جوڑیں اور مضبوط کریں۔
انہوں نے کہا کہ احسن اقبال، اسحاق ڈار، سیکرٹری فنانس اور دیگر نے بہترین کام کیا، کامیاب دورے پر تمام کابینہ اراکین کا شکر گزار ہوں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی معاشی اور سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کو معاشی صورتحال اور بجٹ تیاری پر بریفنگ دی، اجلاس کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ چین کے حوالے سے کابینہ کو اعتماد میں لیا۔

#islamabad#PakTurkNews#pmln#primemnister#shahbazsharif