بیجنگ (عمیر رانا)
بیجنگ میں چین کے وزیر خارجہ وانگ یی اور پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے چین۔ پاکستان وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے پانچویں دورمیں شرکت کی۔ دونوں فریقوں نے اپنی تزویراتی شراکت داری کی گہرائی کو اجاگر کرتے ہوئے، متنوع شعبوں میں عملی تعاون کو فروغ دینے کا عہد کیا۔
چین کی کمیونسٹ پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے پولیٹیکل بیورو کے رکن وانگ یی نے ون چائنا اصول پر پاکستان کی ثابت قدمی اور چین کے بنیادی مفادات کے لیے اہم مسائل پر اس کی غیر متزلزل حمایت پر زور دیا۔ انہوں نے پاکستان کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کی حمایت کرنے کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ پاکستان کی نئی حکومت پر اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ اتحاد، استحکام اور پائیدار ترقی کے مرحلے کا آغاز کرے گی۔
مزید برآں وانگ یی نے دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان طے پانے والے کلیدی اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون کے لیے چین کے عزم کا خاکہ پیش کیا۔ خاص طور پر انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو آگے بڑھانے اور مشترکہ مستقبل کے ساتھ ایک قریبی کمیونٹی کو فروغ دینے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔
محمد اسحاق ڈار نے چین کے ساتھ پاکستان کی غیر متزلزل دوستی کا اثبات کیا۔ چین کے ون چائنا اصول اور اہم معاملات پر پاکستان کی چین کی حمایت کو اجاگر کیا۔ ڈار نے پاکستان میں چینی اہلکاروں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔
بات چیت نے چین اور پاکستان کے درمیان پائیدار دوستی کی تصدیق کی جس کی جڑیں باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور علاقائی تعاون اور ترقی کو آگے بڑھانے کے عزم پر ہیں۔