بیجنگ(پاک ترک نیوز) چین کی آبنائے تائیوان میں تین روزسے جاری بحری مشقوں کا اختتام ہوگیا ۔
فوجی مشقوں کے اختتام پر ترجمان چینی فوج کا کہنا تھا کہ تائیوان کے اردگرد چینی فوج نے کئی اہداف مکمل کیے اور متعدد یونٹوں کی صلاحیتوں کا جامع تجربہ کیا، چینی فوج تائیوان کے معاملے پر غیر ملکی مداخلت کی کوششوں کو شکست دینے کیلئے ہمیشہ تیار رہے گی۔
8 اپریل سے جاری فوجی مشقوں میں جوہری صلاحیتوں کے حامل میزائلوں سے لیس بمبار طیاروں اور بحری جہازوں نے حصہ لیا، مشقوں کو چین نے جوائنٹ سورڈ کا نام دیا تھا۔
تائیوان کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ تیسرے روز بھی تائیوان کے قریب چینی فوج کے 59 لڑاکا طیارے اور 11 جنگی بحری جہاز دیکھے گئے۔
یاد رہے کہ چین کی جانب سے آبنائے تائیوان میں فوجی مشقوں کا آغاز امریکی سپیکر کی تائیوانی صدر سے ملاقات کے بعد کیا گیا تھا، چین کے اس اقدام پر امریکا نے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔