انقرہ (پاک ترک نیوز)
ترک پروفیسر اور ازمیر میں پاکستانی اعزازی قونصل کو ایک تقریب میں ترکی میں پاکستان کے سفیر نے پاکستان کے سول ایوارڈز سے نوازا۔
سفیر یوسف جنید نے بدھ کو انقرہ میں پاکستان ہاؤس میں منعقدہ ایک تقریب میں پاکستان کے صدر عارف علوی کی جانب سے ترک معززین پروفیسرعثمان بیلن اوزکان اورچاہت یاسر ایرن کو ایوارڈ پیش کیا۔
صدر علوی نے انقرہ یونیورسٹی میں شعبہ اردو زبان و ادب کے سربراہ عثمان اوزکان کو ستارہ امتیاز اور ازمیر میں پاکستان کی اعزازی قونصل جنرل یاسر ایرن کو ستارہ پاکستان ایوارڈ سے نوازا تھا۔
یہ ایوارڈز ترک معززین کو پاکستان کے لیے ان کی نمایاں خدمات اور پاک ترک تعلقات کو مضبوط بنانے کے اعتراف میں دیئے گئے ہیں۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے سفیر جنید نے پاکستان سول ایوارڈز حاصل کرنے والوں کو اس بہترین اعزاز پر تہہ دل سے مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان کے لیے ان کی گراں قدر خدمات اور پاکستان ترک تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ان کے تعاون کو سراہا۔اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ صدیوں پرانے پاک ترک برادرانہ تعلقات ان کے مشترکہ مذہبی، ثقافتی، لسانی اور روحانی ورثے میں جڑے ہوئے ہیں، سفیر نے کہا کہ یہ مبارک رشتہ "ہماری پچھلی نسلوں کی مخلصانہ کوششوں سے پروان چڑھا ہے۔ اب ذمہ داری ہم پر عائد ہوتی ہے اسے مزید مضبوط کریں اور اس مقدس امانت کو اپنی آنے والی نسلوں تک پہنچائیں۔
انقرہ کے گورنر واسپ شاہین، ترک معززین اور کاروباری برادری کے سرکردہ افراد نے تقریب میں شرکت کی۔