پی اے ایف ٹریننگ بیس میانوالی میں کلیئرنس آپریشن مکمل، تمام 9 دہشتگرد ہلاک

راولپنڈی(پاک ترک نیوز) سکیورٹی فورسز نے پاکستان ایئر فورس ٹریننگ ایئربیس میانوالی پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور کومبنگ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں تمام 9 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے علی الصبح میانوالی ایئربیس پر حملے کی کوشش کی ، ایئربیس پر متعین دستوں نے فوری اور موثر کارروائی کر کے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بروقت کارروائی کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ مشترکہ کلیئرنگ اور کومبنگ آپریشن مکمل کرلیا ہے اور اس دوران تمام 9 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے، جبکہ ایئر بیس پر ناکام حملے کے بعد ملحقہ علاقوں میں کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر کلیئرنس آپریشن کیا گیا۔
حملے میں پی اے ایف کے فنکشنل آپریشنل اثاثوں میں سے کسی کو نقصان نہیں پہنچا، صرف 3 غیرآپریشنل طیاروں کو معمولی نقصان ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ آپریشن کا فوری، پیشہ ورانہ اختتام امن دشمنوں کیلئے یاد دہانی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج چوکس رہتی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کسی بھی خطرے سے وطن کا دفاع کرنے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقے پسنی سے اورماڑہ جانے والی سکیورٹی فورسز کی دو گاڑیوں پر دہشتگردوں کے حملے میں 14 فوجی جوان شہید ہوگئے تھے۔

#amry#ispr#mianwali#PakTurkNewsArmy