اسلام آباد (پاک ترک نیوز) پاک بحریہ کے ترجمان کاکہنا ہے کہ نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقادہوا ۔
ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے کانفرنس کی صدارت کی۔کانفرنس کے دوران خطے کی میری ٹائم سیکیورٹی صورتحال، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں اور جوانوں کے تربیتی اور فلاحی امور کا جائزہ لیا گیا۔نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ امیرالبحر نے جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے ذریعے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے اقدامات اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا۔
کانفرنس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔نیول چیف نے ملکی بحری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔