جنوبی وزیرستان (پاک ترک نیوز)
افغانستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے سراے کنڈہ۔ لجمری روڈ کی تعمیر پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اور اس سڑک کی تعمیر کے منصوبےکا سروے کرنے کی خصوصی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق ایک خصوصی ٹیم، جس میں کمیونیکیشن اینڈ ورکس ڈپارٹمنٹ کے انجینئرز، سیکورٹی اہلکار (ایف سی)، مقامی حکام اور قومی نمائندے شامل ہیں، مذکورہ سڑک کے سروے کے لیے نامزد کیے گئے ہیں۔سی پیک کے تحت بنائی جانے والی یہ سڑک افغانستان کے ساتھ تجارت کے لیے تزویراتی طور پر اہم ہے۔ اور اس کی تعمیر سے تجارت میں سہولت اور ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنانے کی توقع ہے۔ جس سے مقامی تاجروں اور عام لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
مقامی تاجر اس سڑک کی تعمیر سے علاقے میں قومی آمدنی اور اقتصادی ترقی میں اضافے کی توقع رکھتے ہیں۔ ایس ڈی او آف کمیونیکیشن اینڈ ورکس نے بتایا کہ سرائے کنڈا روڈ ہر قسم کی ٹریفک کے لیے ایک سستا اور موثر راستہ ثابت ہو گا، جو افغانستان کے ساتھ تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
اس سڑک کی تعمیر خطے کے تاجروں اور کاروباری برادری کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔ کیونکہ اس کی تعمیر سے افغانستان کے ساتھ تجارت میں آسانی ہوگی اور سڑکوں کی بندش یا رکاوٹوںسے بچا جاسکے گا۔ اس کی قربت اور موسمی حالات کے خلاف مزاحمت کی وجہ سے سڑک کو محفوظ سمجھا جاتا ہے۔ اور مقامی قبائل اس کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔