لاہور(پاک ترک نیوز) سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں عیدالاضحیٰ آج مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔
سعودی عرب میں نماز عید کے بڑے اجتماعات مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبویﷺ میں منعقد ہوئے جہاں بڑی تعداد میں نمازیوں نے شرکت کی۔ نمازِ عید کے بعد حجاج کرام قربانی میں مصروف ہیں۔ قربانی کے بعد احرام کھول دیے جائیں گے۔
حجاج کے قافلے وقوف عرفہ اور مزدلفہ میں رات گزارنے اور نماز فجر کی ادائیگی کے بعد منیٰ پہنچے۔ عیدالاضحیٰ کے پہلے دن حجاج کرام نے رمی ادا کی جس کے بعد جمرت پہنچ کر حجاج کرام کے قافلے شیطان کو کنکریاں ماری۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات کے مختلف شہروں میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کر دی گئی۔ عید کی نماز کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد کیے گئے۔برطانیہ، کینیڈا، امریکہ اور یورپ میں بھی عیدالاضحیٰ آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جارہی ہے۔ نمازِ عید کے بعد سنتِ ابراہیمی کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
دوسری طرف پشاور سمیت قبائلی اضلاع میں بھی افغان مہاجرین آج عید الاضحیٰ منا رہے ہیں۔ پشاور میں ریگی اور تاج آباد میں افغان مہاجرین نے عیدالاضحی کی نماز ادا کی۔ افغان مہاجرین کے اکثریتی علاقوں میں عیدالاضحی کی نماز کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کی گئے تھے۔