اسلام آباد(پاک ترک نیوز) حکومت کا عوام پر ایک اور بجلی بم گرانے کا فیصلہ ،بجلی ایک روپے 82پیسے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان ہے ۔
سی پی پی اے نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی درخواست نیپرا میں جمع کروا دی۔
درخواست ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، گزشتہ ماہ 15 ارب 47 کروڑ یونٹ بجلی پیدا ہوئی، بجلی کی پیداواری لاگت 131 ارب 11 کروڑ روپے رہی۔
سب سے مہنگی بجلی فرنس آئل سے پیدا کی گئی، فرنس آئل سے بجلی کی پیداواری لاگت 33 روپے 32 پیسے فی یونٹ رہی، 23 روپے 71 پیسے فی یونٹ بجلی ایل این جی سے پیدا کی گئی جبکہ ایران سے 25 روپے 9 پیسے فی یونٹ میں بجلی درآمد کی گئی۔
24 پیسے فی یونٹ بجلی لائن لاسز کی نظر ہوئی، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے ایک ماہ میں صارفین پر 31 ارب روپے کا بوجھ پڑے گا، بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق نیپرا میں 27 ستمبر کو سماعت ہوگی۔