بیروت (پاک ترک نیوز) حماس کی جانب سے دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل اور ٹیسلااور سپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ اسرائیل کی طرح تباہ شدہ غزہ کا بھی دورہ کریں اور یہاں آکر خود اپنی آنکھوں سے اسرائیل کے ہاتھوں فلسطینیوں کی تباہی دیکھیں۔
بیروت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماس کے سینیئر رہنما اور ترجمان اسامہ حمدان نے کہا کہ جس طرح ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا ہے، اسی طرح اب غزہ کا بھی دورہ کریں اور اسرائیلی بمباری سے کی گئی غزہ کی تباہی دیکھیں۔
اسامہ حمدان نے کہا کہ اسرائیلی قید سے رہا ہونے والے فلسطینیوں نے اسرائیل کے وحشیانہ رویے کے بارے میں بتایا ہے۔غزہ کا دورہ کرکے ایلون مسک کو بھی اندازہ ہوجائے گا کہ اسرائیل نے گزشتہ ماہ 7 اکتوبر سے عارضی جنگ بندی تک کس طرح غزہ میں قتل و غارت اور وحشیانہ بمباری کی۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم نے اپنے فلسطینی قیدیوں کی وجہ سے اسرائیلیوں کو یرغمالی بنایا تھا، اگر اُن کے پاس ہمارے قیدی نہیں ہوتے تو ہمیں اسرائیلیوں کو یرغمالی بنانے کی ضرورت نہ ہوتی۔
یاد رہے کہ حال ہی میں ایلون مسک نے اسرائیل کا دورہ کیا تھا، ایلون مسک نے نیتن یاہو سے اس بات پر اتفاق کیا تھا کہ اب حماس کو تباہ کرنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں بچا۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اگر آپ غزہ میں امن، سلامتی اور بہتر زندگی چاہتے ہیں تو حماس کو ہمیشہ کے لیے ختم اور اس کی زہریلی حکومت سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا جیسا کہ جرمنی اور جاپان میں کیا گیا تھا۔
جس پر ایکس کے مالک ایلون مسک نے نیتن یاہو سے کہا تھا کہ میں آپ کی بات سے مکمل اتفاق کرتا ہوں کیوں کہ اس کے سوا کوئی اور چارہ نہیں، حماس یہودیوں کی نسل کشی کرنا چاہتی ہے۔