ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے انگلینڈ کا نام سامنے آگیا ،فیصلہ آج متوقع

 

لاہور(پاک ترک نیوز) ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے انگلینڈ کا نام سامنے آگیا تاہم ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے آج فیصلہ متوقع ہے۔
اس ایونٹ کی میزبانی کافی پہلے پاکستان کو دی گئی تھی تاہم جب ایونٹ کا وقت قریب آیا تو بھارت نے نہ صرف اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا بلکہ خود ہی ایشیائی ایونٹ کو کسی دوسرے ملک میں منعقد کرنے کا اعلان بھی کردیا۔
پی سی بی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے میزبانی بچانے کیلیے ہائبرڈ ماڈل پیش کیا جس کے تحت باقی تمام ٹیموں کے مقابلے پاکستان جبکہ بھارت کے میچز یواے ای میں منعقد کیے جانے تھے، بی سی سی آئی نے اس تجویز کو رد کردیا، جس پر ایک اور تجویز دی گئی جس میں ابتدائی چند میچز پاکستان اور باقی یو اے ای منتقل کرنے کی تجویز دی گئی۔
اب پی سی بی انتظامی کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کو انگلینڈ میں منعقد کرنے کی تجویز دے دی ہے، وہ کہتے ہیں کہ ایشیا کپ کا انعقاد انگلینڈ میں بھی ہوسکتا ہے، ہم چونکہ اس ٹورنامنٹ کے میزبان ہیں، اس لیے متبادل کے طور پر کسی بھی وینیو کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
ادھر ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان میں ایشیائی شوپیس ایونٹ کے انعقاد کے حوالے سے فیصلہ آج متوقع ہے، بھارت پہلے ہی سری لنکا کو ایونٹ کی میزبانی کے خواب دکھا چکا اور اس کی جانب سے بھی واضح کیا جاچکا ہے کہ اگر پاکستان نہیں کھیلا تو اس کے بغیر ہی سری لنکا میں 5 ملکی ٹورنامنٹ منعقد کریں گے۔

#asiacup#bcci#england#matches#PakTurkNews#pcb#SrilankaUAE