یورپی یونین ممالک کے سربراہان کی ہنگری کو دھمکیاں

بڈاپسٹ(پاک ترک نیوز)
یورپی یونین کے رہنماؤں نے ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کوکھلے عام دھمکی دی ہے کہ اگر ان کی حکومت یوکرین کو مالی امداد دینے سے انکار کرتی رہی تو وہ ہنگری کی معیشت کو نقصان پہنچائیں گے۔
فنانشل ٹائمز نے اپنی حالیہ اشاعت میں یورپی یونین کی ایک اندرونی دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا ہے کہ برسلز ہنگری کی معیشت کو نقصان پہنچانے کے لیے ایک خفیہ منصوبہ تیار کر رہا ہے۔ اگر ہنگری یوکرین کے لیے فنڈنگ کی منظوری سے انکار کرتا رہا۔رپورٹ کے مطابق یورپی یونین نے ہنگری کے بقایا فنڈز کو مکمل طور پر منجمد کرنے اور قومی کرنسی ہنگرین فارنٹ کی شرح مبادلہ کو گرانے کی دھمکی دی ہے۔جس سے وسطی یورپی ملک کی معیشت اور اس کی سرمایہ کاری کی کشش کو نقصان پہنچےگا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسی حوالے سے ہنگرین حکومت کے ایک عہدیدار نے آسٹریا کے ایکسپریس نیوز پورٹل کو بتایاکہ جب یورپی یونین کی ریاستوں اور حکومتوں کے سربراہان نے ہنگری کے وزیر اعظم سے فون پر بات کی تو انہوں نے انہیں کھلے عام ان خاص نتائج کی دھمکیاں دیں۔
برسلز میں 14-15 دسمبر 2023 کویورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں، ہنگری کے وزیر اعظم نے کمیونٹی کے بجٹ برائے 2024-2027 میں ترامیم کو روک دیا تھا جس میں یوکرین کے لیے 50 ارب یورو مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ اس کی بجائے، وکٹر اوربان نے کیف کو سالانہ بنیادوں پر اخراجات پر سخت کنٹرول کے ساتھ مالی امداد فراہم کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔تاہم یکم فروری کو یورپی یونین کے سربراہی اجلاس نے یوکرین کے لیے اگلے چار سالوں کے لیے یورپی یونین کے بجٹ سے 50 ارب یورو مختص کرنے کی منظوری دینے کے ساتھ ہنگری کی تجویز کو قبول کیا اور فنڈز کے خرچ کو کنٹرول کرنے کے لیے ایک طریقہ کار قائم کیا۔
اب سے ایک سا ل بعد یورپی یونین اس مسئلے پر دوبارہ بات کرے گی اور دو سالوں میں وہ اپنے نئے بجٹ کے مسودے کی روشنی میں یوکرین کو دی جانے والی مالی امداد کی رقم پر نظرثانی کرے گی۔

#Budapest#europeunion#hangry#PakTurkNews#parisnato